اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی ہوئی، الیکشن چرانے کی بھونڈی کوشش کی گئی، بیس پریذائیڈنگ آفیسرز نتائج سمیت لاپتہ ہوئے، عینی شاہدین کے مطابق ان کو سویلین کپڑوں میں ملبوس افراد ساتھ لے گئے، ریٹرننگ آفیسرز نے تاخیر سے پہنچنے کے انوکھے بہانے پیش کئے۔
پاکستان مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ضمنی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی، ڈسکہ میں فائرنگ پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، این اے 75 میں اضافی وقت مانگنے کے باوجود نہیں دیا گیا، ریٹرننگ آفیسر کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے، شدید دباؤ کا شکار تھے، 20 پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ نہیں آیا، پریذائیڈنگ افسر بھی ریکارڈ سمیت غائب ہوگئے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 75 میں جعلسازی کے ساتھ نتائج بنائے گئے، پریذائیڈنگ آفیسرز کو اغوا کیا گیا، انکوائری ہونے چاہیے کہ کن لوگوں نے یہ کام کیا، ان پولنگ سٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کرنے کی پوری کوشش کی، کچھ پولنگ سٹیشنز پر گھنٹوں پولنگ بند رکھی گئی، فردوس عاشق نتائج بدلنے کیلئے الیکشن کمیشن پہنچیں، پی ٹی آئی کارکنوں نے فردوس عاشق اعوان کے طرز عمل کی مذمت کی، این اے 75 ڈسکہ میں آر او نے انتخابی نتائج روک دیئے، سرکاری دباؤ برداشت کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کی تعریف کرتے ہیں۔
احس قبال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فردوس عاشق اعوان کے کنڈکٹ کا نوٹس لے، این اے 75 پر سارا نتیجہ مشکوک ہوگیا، جہاں پولنگ بند تھی وہاں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار صرف ووٹ نہیں، الیکشن کمیشن کاعملہ بھی چوری ہوگیا، سارا دن پولنگ سٹیشنز پر حکومتی بدمعاشی کے مناظر عوام نے دیکھے، پولنگ ایجنٹس، پولنگ بیگ سمیت لاپتہ ہوگئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اپنا پولنگ عملہ الیکشن کمیشن کی پہنچ سے دور ہے، الیکشن کمیشن بے بس، ریٹرننگ افسران یرغمال، کیا شفاف الیکشن ہے ؟ عمران صاحب نے بری طرح ہارنے پر الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کرایا، الیکشن عملے کی چوری کی ایف آئی آر عمران خان اور بزدار صاحب پر کٹنی چاہیے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، ووٹ چوروں نے الیکشن عملے کو بھی چوری کرلیا، ریاست ووٹ چوری میں مصروف، یہ قومی بدقسمتی ہے، جو بھی کرلیں، فتح (ن) لیگ کی ہوگی۔