اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کا یکطرفہ نظام نہیں چل سکتا، دوسروں کو چور کہنے والے کٹہرے میں کھڑے ہیں، انصاف کا تقاضا ہے نیب کو بند کر کے چھٹکارا حاصل کیا جائے، نیب افسر براڈ شیٹ سے کمیشن مانگ رہے تھے۔
سابق وزیراعظم و مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو حقائق، عدالتی فیصلے نظر نہیں آتے، براڈشیٹ میں نیب افسر کمیشن مانگ رہے ہیں، انصاف کا تقاضا ہے نیب کو بند کیا جائے، 10 ارب خرچ کیے لیکن ایک پیسے کے اثاثے نہیں مل سکے، براڈ شیٹ کیس میں حقائق سامنے آئے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب کو نواز شریف کے ایک روپے کے اکاؤنٹس نہیں مل سکے، ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں لیکن یہ ایک دن کٹہروں میں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کوئی جواز نہیں تھا، میری ہمشیرہ اور بہنوئی بیمار تھے، اس لیے بیرون ملک گیا، پارٹی فنڈنگ کیس کے فیصلے تک احتجاج جاری رہے گا، ساڑھے 6 سال سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔