اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ شاہد خاقان عباسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کو بیرون ملک جانے کیلئے عدالتی اجازت درکار نہیں تھی؟ ملزم کا نام ای سی ایل میں شامل تھا۔
وکیل نے کہا کہ بیرون ملک جانے کی اجازت وفاقی حکومت نے دی۔ وکیل نے حکومتی اجازت نامہ اور دیگر دستاویزات عدالت میں پیش کیں۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔