کراچی: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر پورے ملک میں تماشا لگا ہوا ہے، کسی کیس میں کرپشن کا ذکر نہیں، پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے، اگر لیگی رہنماؤں پر مقدمات درج ہوسکتے ہیں تو عمران خان کے خلاف بھی پرچہ کٹ سکتا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج پھر پیشی تھی، حسب معمول کیس نہیں چلا، نیب یکطرفہ احتساب کر رہا ہے، نیب سیاستدانوں کو دبانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے، ہمارے کیسز میں کرپشن کا نہیں، اختیارات کے ناجائزاستعمال کا ذکر ہے، نیب چلائیں یا پاکستان چلالیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا پاکستان کے آدھے سیاستدانوں پر غداری کا مقدمہ بنایا گیا، عمران خان کیخلاف میں بھی مقدمہ درج کرانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کوعوام کی تکلیف کاعلم نہیں، عمران خان بے خبر ہیں، چینی اور آٹے کی قیمت کا علم نہیں۔
ادھر نیب کورٹ میں ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 2 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔