حکومت کا 10 مارچ سے بزرگوں کیلئے کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان

Published On 07 March,2021 08:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 10 مارچ بروز پیر سے ملک کے معمر افراد کیلئے عالمی وبا سے بچنے کیلئے ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے بتائی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں بزرگ افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دینے کا عمل 10 مارچ سے شروع کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زیادہ بزرگ افراد کو وبائی مرض سے بچاؤ کے ٹیکے پہلے لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات بھی کل جاری کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے۔ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 780 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق مزید 39 افراد اس موذی وبا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس حالیہ اضافے سے ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 205 ہو گئی ہے۔
 

Advertisement