کورونا کیسز: پنجاب کے 7 شہروں میں تعلیمی ادارے 2 ہفتے کیلئے بند کرنیکا اعلان

Published On 10 March,2021 12:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں تعلیمی ادارے 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ پیر سے بہار کی چھٹیاں شروع ہوں گی۔

 معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کیسز بڑھنے کے باعث ہسپتالوں پر بوجھ بڑھتا ہے، انتظامی ادارے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تفریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے کی پابندی برقرار ہوگی، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی پالیسی جاری رہے گی۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ کے تعلیمی ادارے 15 مارچ سے 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان تمام شہروں میں تعلیمی ادارے 28 مارچ تک بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا، پابندی کا اطلاق امتحانات والے سکولوں پر نہیں ہوگا، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔

 وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ 5 کروڑ بچے سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں تعیلم حاصل کرنے جاتے ہیں، اسلام آباد، پشاور اور مظفر آباد میں بھی تعلیمی ادارے بند ہونگے، سندھ، بلوچستان میں کورونا کے حالات ابھی ٹھیک ہیں، سندھ اور بلوچستان کے سکولوں میں بچے 50 فیصد حاضری سے آئیں گے، گلگت بلتستان میں بھی کورونا صورتحال بہتر ہے۔

ادھر سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے سکولز کھلے رہیں گے، ان کی بندش بارے ابھی کوئی غور نہیں کیا جا رہا۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 43 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 324 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 786 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 79 ہزار 654، سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 150، خیبر پختونخوا میں 74 ہزار 433، بلوچستان میں 19 ہزار 141، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 959، اسلام آباد میں 46 ہزار 229 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 ہزار 673 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 93 لاکھ 18 ہزار 38 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 425 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 65 ہزار 216 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 664 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 43 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 324 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 629، سندھ میں 4 ہزار 442، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 122، اسلام آباد میں 512، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 314 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement