رنبیر کپور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، خودکو گھر میں قرنطینہ کر لیا

Published On 09 March,2021 05:07 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکار رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میرا بیٹا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے۔ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رنبیر کپور کی والدہ نیتو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیٹے کی صحت یابی کے حوالے سے لکھا کہ آپ سب کی تشویش اور نیک تمناؤں کا شکریہ، رنبیر خود کو گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے ہیں اور احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہو چکی ہیں۔

اداکار رشی کپور اور نیتو کپور کے بیٹے رنبیر کپور نے اداکاری کا آغاز سنجے لیلا بھنسالی کی 2007 میں بننے والی فلم میں سونم کپور ساتھ کام کر کے کیا تھا۔

کورونا وائرس سے متاثرہ نیتو کپور کے علاوہ بالی وڈ کے متعدد ستاروں میں امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشک بچن اور بہو ایشوریہ رائے بھی کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے اداکاروں میں شامل ہیں۔

رنبیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عالیہ بھٹ سے متعلق بھی تشویش پائی جارہی تھی کیوں کہ حالیہ دنوں میں دونوں نے کافی وقت ایک ساتھ گزارا ہے۔

اس صورتحال میں عالیہ بھٹ کو بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرانا پڑا تاہم خوش قسمتی سے عالیہ کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آگیا ہے البتہ انہوں نے احتیاطاً خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ تقریباً روز ہی اپنا کورونا ٹیسٹ کرتی ہیں اور آج بھی جب انہوں نے ٹیسٹ کیا تو نتیجہ منفی آیا۔

Advertisement