پشاور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہونے پر مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور کے مزید علاقوں میں آج 7 مارچ بوقت شام چھ بجے سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آؤٹ انٹری بند رہے گی۔
وفاقی حکومت کی پالیسی اور ہدایات پر صرف گلیوں اور چھوٹے علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ مائیکرو سمارٹ ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ ان علاقوں میں صرف ضروری اشیا ئے خورونوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔ علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔