کراچی: کورونا کیسز میں کمی، فیلڈ آئسولیشن سینٹر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ

Published On 05 March,2021 06:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کراچی میں کورونا کیسز میں کمی کی وجہ سے فیلڈ آئسولیشن سینٹر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایکسپو سینٹر میں آخری مریض کو بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکسپو میں فیلڈ آئسولیشن سینٹر کورونا وائرس کے ابتدائی ایام میں قائم کیا گیا تھا۔ سینٹر میں 2300 کورونا مریض لائے گے، ان میں سے 1170 مریضوں کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ جن میں سے تقریباً 200 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

ادھر سرکاری ہسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ جناح ہسپتال کی انتہائی نگہداشت اور ایچ ڈی یو میں صرف 4 کورونا مریض ہیں۔

اس کے علاوہ نیو کراچی ہسپتال میں صرف کورونا کا ایک مریض زیر علاج ہے۔ سول ہسپتال میں 19، نیپا میں بنائے گے کورونا سینٹر میں 45 جبکہ لیاری جنرل ہسپتال میں 25 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔
 

Advertisement