ٹویٹر کا پانچ بار غلط معلومات شیئر کرنے پر مستقل اکاؤنٹ بند کرنے کا اعلان

Published On 02 March,2021 05:30 pm

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر نے بڑا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب سے ان ٹویٹس کو لیبل کیا جائے گا جو کووڈ19 ویکسینز کے بارے مں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں تاکہ ایسے صارفین کو نکال باہر کیا جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر ایک سٹرائیک سسٹم نامی نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت ان صارفین کو مستقل طور پر ٹوئٹر سے نکال دیا جائے گا جو پانچویں بار ایسی ٹویٹ کریں گے۔

سان فرانسسکو کی کمپنی ٹوئٹر نے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سٹرائیک سسٹم سے عوام کو ہماری پالیسیوں کے بارے میں بتانے میں مدد ملے گی اور ٹوئٹر پر ممکنہ طور پر نقصان دہ اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے گا۔

کمپنی کے مطابق جب کسی ٹویٹ کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر لیبل کیا جائے گا تو اس صارف کو ایک سٹرائیک دیا جائے گا اور اطلاع دی جائے گی۔ دوسرا اور تیسرا سٹرائیک ملنے کے بعد اس صارف کے اکاؤنٹ کو 12 گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا جائے گا۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ چوتھی بار خلاف ورزی کے بعد اکاؤنٹ کو 7 دنوں کے لیے بند کر دیا جائے گا اور پانچویں سٹرائیک سے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال ٹوئٹر نے ان صارفین کو تنبیہہ کی تھی کہ کووڈ-19 کی ویکسین کے بارے میں خطرناک حد تک غلط معلومات پھیلانے والا مواد ہٹا دیں۔

ٹوئٹر نے ان بے بنیاد دعوؤں کو بھی نشانہ بنایا تھا جو وبا کی حقیقات پر سوال اٹھا رہے تھے یا ویکسین کے مضر اثرات ہونے کا کہہ رہے تھے۔
 

Advertisement