اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں، تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 43 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 324 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 786 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 79 ہزار 654، سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 150، خیبر پختونخوا میں 74 ہزار 433، بلوچستان میں 19 ہزار 141، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 959، اسلام آباد میں 46 ہزار 229 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 ہزار 673 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 93 لاکھ 18 ہزار 38 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 425 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 65 ہزار 216 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 664 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 43 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 324 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 629، سندھ میں 4 ہزار 442، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 122، اسلام آباد میں 512، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 314 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔