لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائیگی، حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے بھر میں بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں اور بزرگ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی اورمیں خود بھی خصوصی سینٹرز کا وزٹ کرکے سہولتوں کا جائزہ لوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی ویکسین لگانے کا عمل جاری رہے گا۔ شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے حکومت پنجاب تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے۔ ماسک، سماجی فاصلہ اور احتیاط کورونا سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے۔ بے احتیاطی اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں کورونا کے 1006 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسوں کی تعداد 6756 تک پہنچ چکی ہے۔ کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 29 افراد جاں بحق ہوئے اور پنجاب میں اب تک کورونا سے 5629 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیسوں میں اضافے کے پیش نظر ایس او پیزپر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔