اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ عوامی اور دیگر مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وائرس پھیلنے والے ممکنہ مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن کیا جا سکے گا۔ وفاق کے ماتحت اداروں کی منظوری سے 50 فیصد کام گھر سے کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد ہوگا۔
تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات دس بجے کے بعد پابندی عائد ہو گی۔ ہسپتال، میڈیکل سٹور اور اشیائے خورونوش کی دکانوں پر دس بجے کی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
تمام پارکس شام چھ بجے کے بعد بند کر دئیے جائیں گے۔ شادی ہالز اور ہوٹلز کے اندر بیٹھ کر کھانوں پر 15 مارچ سے دی جانے والی اجازت منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سینما ہالز اور مزارات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔
کھلے مقامات پر تین سو افراد کے اجتماع پر کورونا ایس او پیز کے مطابق اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پابندیوں کا اطلاق 15 اپریل تک رہے گا۔ پابندیوں میں نرمی یا مزید سختیوں کے حوالے سے 12 اپریل کو فیصلہ ہوگا۔