وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا

Published On 11 March,2021 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سابق فاٹا کی سینیٹ میں نمائندگی کے لئے مرزا آفریدی کی نامزدگی کی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے حکومتی و اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان نے تمام نو منتخب سینیٹرز کو مبارک باد دی۔

پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو پنجاب ہاؤس عشایئے میں شرکت کی دعوت دے دی گئی۔ تمام نو منتخب سینیٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ایک ایک ووٹ کی بہت اہمیت ہے، حکومتی اور اتحادی نومنتخب سینیٹرز ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں۔

واضح رہے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کل شیڈول ہے، جہاں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار صادق سنجرانی مد مقابل ہیں۔ پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔

 

Advertisement