اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر استعفے نہ دیئے گئے تو لانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہیں ہوگی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹ الیکشن میں اداروں کی مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب دیگر ان کا ترجمان بن کر ہمارے موقف کی تصدیق کر رہا ہے۔ پوری قوم نے دیکھا کہ سینیٹ کے ایوان میں کیمرے کس نے لگائے۔
مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ ہمارے جائز ووٹ کو کیوں مسترد کیا گیا؟ اب ووٹ مسترد ہونے کا ملبہ بھی عدالتوں پر ڈال دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا ہے جبکہ انھیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ نیب کٹھ پتلی ادارہ ہے۔ ملکی سیاست پاکستان کے آئین کے مطابق نہیں چل رہی۔ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے منگل کے روز پی ڈی ایم اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے استعفے نہیں دیتے تو لانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہیں ہوگی۔