'مسئلہ کشمیر پاک بھارت کشیدگی کی بڑی وجہ، افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے'

Published On 18 March,2021 01:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کی بڑی وجہ، خطے میں امن کیلئے دیرینہ مسئلے کا حل ضروری ہے، افغانستان میں قیام امن کے عمل میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔

اسلام آباد میں جاری نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، آج دنیا کومختلف طرزکی دہشتگردی کا سامنا ہے، موجودہ حالات میں پاکستان بھی کئی چیلنجز سے نبرد آزما ہے جس کیلئے ہمہ جہت حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی خطرات کےباوجوددفاع پرکم خرچ کررہاہے، سیکیورٹی پراخراجات بڑھانےسےانسانی ترقی کی قربانی دینا پڑتی ہے۔افغانستان میں قیام امن کیلئےپاکستان اہم کرداراداکررہاہے، ہمسایہ ملک میں امن خطےمیں امن کی ضمانت ہے۔ پاکستان اوربھارت کےدرمیان کشیدگی کی بڑی وجہ مسئلہ کشمیرہے، خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ضروری ہے، چاہتےہیں کشمیرکا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کےمطابق حل ہو۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے کم ترقی یافتہ علاقوں کوترقی دی جارہی ہے، پاکستان خطے میں ایک ذمہ دارملک ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طویل جدوجہد کے بعد منزل کےقریب ہیں، پاکستان کی جیوپولیٹیکل حیثیت معاشی ترقی کاباعث بن سکتی ہے۔
 

 

Advertisement