لاہور: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ پرانے منصوبوں پر تختیاں لگا کر کریڈٹ لیا جاتا ہے، ن لیگ کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر طعنے دیتے ہیں، 3 سال میں آپ کی کیا کارکردگی ہے ؟ ہم نے اگر چوری کی ہے تو ثابت کریں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مان جائیں آپ نےعوام سے جھوٹ بولا، آپ نے ہماری چوری کا پوچھنا ہے تو ملتان سکھر موٹروے پر سفر کرنیوالوں سے پوچھیں، آپ جس ملک میں بھی گئے بھیک مانگنے گئے، چور اور ڈاکو کے الفاظ سن کر لوگوں کے کان پک گئے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہماری خدمت اور ترقی کے گواہ ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ میں جس یونیورسٹی کا آج افتتاح کیا گیا اس کا مسلم لیگ ن نے آغاز کیا، یونیورسٹی آف ملاکنڈ منصوبہ مسلم لیگ ن کا پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومت سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوا رہی ہے، حکومت سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر بنا رہی ہے، 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کو عدالتی پیچیدگیوں کا سہارا لیکر رکوائے رکھا۔