لاہور میں کمسن ڈرائیور گاڑی چلاتا رہا، مالک کے خلاف کارروائی کا حکم

Published On 18 March,2021 02:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کمسن ڈرائیور کینال روڈ پر گاڑی چلاتا رہا جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، سی ٹی او لاہور نے گاڑی مالک کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

لاہور کی ٹریفک پولیس بے خبر رہی، کمسن ڈرائیور شہر میں گاڑی چلاتا رہا۔ ویڈیو میں واضح طور پر کمسن بچے کو گاڑی چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں دوسری نشست پر ایک شخص کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

کمسن ڈرائیور کینال روڈ پر مغل پورہ سے ہربنس پورہ کی جانب گاڑی ڈرائیو کرتا رہا۔ نزدیک سے گزرنے والی فیملی نے تمام منظر موبائل کیمرہ سے عکس بند کر لیا۔ ویڈیو میں گاڑی کا نمبر ایل سی 4594 واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹریفک پولیس بھی گاڑی سے لاعلم رہی، گاڑی کو کسی نے نہ روکا ۔ دوسری طرف سی ٹی او لاہور نے گاڑی مالک کےخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ ان کاکہنا تھا کہ والدین کی طرف سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ حادثات کا سبب بنتا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے، 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کا گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے سیف سٹی کو گاڑی نوٹ کروا دی گئی۔
 

Advertisement