کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن خیرآباد میں خاتون اورمرد کے قتل کی واردات غیرت کے نام پر کی گئی۔ تین بھائیوں نے مل کر سگی بہن اورآشنا کے گلے کاٹ دیئے۔ پولیس نے چارملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث مرکزی ملزم ظفراللہ کو گرفتار اور اس کی بیوی اود دو بھابیوں کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتارمرکزی ملزم مقتولہ در بی بی کا بھائی ہے جبکہ واردات میں ملوث مقتولہ کے دو بھائی امان اللہ اور محمد اسلم فرار ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ در بی بی اور مختیارمیں مبینہ طور پر ناجائز تعلقات تھے۔ در بی بی کا شوہر روزگار کے سلسلے میں سعودعرب مقیم ہے۔ اہلخانہ کے مطابق ان کو دونوں پر پہلے سے شک تھا، رات گئے دونوں کوایک ساتھ دیکھا توجھگڑا ہوا۔ مختیار بھاگا اور اپنے گھر کے دروازے پرپہنچا۔ دربی بی کے بھائیوں نے مختیار کے گھر کے دروازے پر ہی اس کا گلا کاٹ دیا۔