کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ میں رینجرز موبائل کے قریب دھماکے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ رینجرز اہلکار غلام سرور کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا۔
مقدمے میں قتل، اقدام قتل، املاک کو نقصان پہنچانے، ایکسپلوزیو ایکٹ اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے رینجرز موبائل کے قریب آنے کے بعد ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے دھماکا کیا۔ جس کے باعث موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے رینجرز موبائل کو شدید نقصان پہنچا۔
بم دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرلی گئی ہے، دھماکے میں 3 رینجرز اہلکار سمیت 6 شہری زخمی ہوئے تھے۔