لاہور: (دنیا نیوز) شفیق آباد میں شہریوں سے وارداتیں کر کے فرار ہونے والے ڈٓاکووں کے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈاکوں نے چند گھنٹوں میں پانچ سے زائد وارداتیں کیں۔
شفیق آباد کے علاقے میں شہریوں کے ساتھ وارداتیں کرنے کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوں بارے پولیس کو اطلاع ملی جس پر ڈولفن فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ڈاکوں کا تعاقب شروع کر دیا۔ اسی دوران شفیق آباد پولیس بھی موقع پر آ گئی اور ڈاکووں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ شروع کی تو ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو کو زندہ گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او مقصود گجر کے مطابق مرنے والے ڈاکو کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم ننکانہ کا رہائشی ہے جبکہ اس کے ساتھیوں میں عبدالرحمان اور حسنین شامل ہیں۔ پولیس کی مطابق ملزمان کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ جن شہریوں سے انہوں نے وارداتیں کیں ہیں ان کو تھانے بلا لیا گیا ہے۔
سی سی پی آؤ لاہور کی جانب سے شہر میں راہزنی کی وارداتوں میں اضافے پر سخت نوٹس لیا گیا تھا جس کے بعد دو روز میں لاہور پولیس نے دو مبینہ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکوں کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کیا ہے۔