انسداد دہشتگردی عدالت: رنگ روڈ زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون کا بیان قلمبند

Published On 12 March,2021 01:43 pm

لاہور:(روزنامہ دنیا )انسداد دہشت گردی عدالت رنگ روڈ موٹروے زیادتی کیس کے جیل ٹرا ئل میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی، متاثرہ خاتون کا بیان قلمبند کر لیا گیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کو سخت سکیورٹی حصار میں کیمپ جیل پہنچایا گیا ۔متاثرہ خاتون اپنے بچوں کے ساتھ تین گھنٹے سے زائد جیل میں موجود رہی ۔ملزموں کے وکلا نے آٹھ گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی ۔ عدالت نے مقدمہ میں مجموعی طور پر 18گواہوں کے بیانات قلمبند کیے ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے کیمپ جیل میں سماعت کی ، ملزم شفقت بگا اور عابد ملہی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

مقدمہ میں گواہوں پنجاب فارنزک سا ئنس ایجنسی کے نما ئندے رضوان خان ،ہیڈ کانسٹیبل طارق محمود ، عباس ،اطہر ، احسان الٰہی ،دانیال اور سب انسپکٹر محمد یوسف سمیت اٹھارہ گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے ۔سکیورٹی خدشات کے باعث ملزموں کے خلاف کیس کا ٹرا ئل کیمپ جیل میں جاری ہے ۔

ملزموں کے خلاف پراسیکیوشن ٹیم میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل وقار عابد بھٹی، حافظ اصغر اور عبدالجبار ڈوگر شامل ہیں ،عدالت نے کیس پر سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی ۔
 

Advertisement