کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردی سمیت مختلف جرائم میں ملوث 13 ملزمان گرفتار کر لیے، مختلف علاقوں سے دو لاشیں ملیں۔
کراچی میں ایس آئی یو پولیس نے بلال کالونی میں کاروائی کرکے قوم پرست جماعت کے 4 دہشتگرد گرفتار کرلیے، ایس ایس پی حیدر رضا کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے گروپ میں 20 سے زائد دہشتگرد شامل ہیں۔ گرفتار دہشگردوں کے خلاف اندرون سندھ میں کئی مقدمات درج ہیں,گرفتار دہشتگردوں میں گلزار علی,حبیب اللہ, فیاض اور غلام محمد شامل ہیں۔
ادھر اورنگی ٹاون میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم آفتاب عالم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے 15 جنوری کو اورنگی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر خنجر کے زور پر 10 لاکھ روپے لوٹے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج کیا گیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے نقدی، اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
ادھر کیماڑی مسان چوک کے قریب گھر میں آگ سے جھلس کر 80 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا.بلدیہ سپارکو روڈ سے 1 شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ سپر ہائی وے جمالی پل سے ایوب گوٹھ کے درمیان گولی لگی ہوئی ایک شخص کی لاش ملی۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کرلیا گیا۔
دوسری جانب ڈاکس فشری سمندر سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جس کی شناخت 26 سالہ ظفر علی کے نام سے ہوئی۔