کراچی: برطانیہ اور بحرین کیلئے بک کرائے گئے پارسل سے ہیروئن برآمد

Published On 15 March,2021 04:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف کوریئرکمپنیز کے دفاتر پر کارروائیاں کیں، برطانیہ اور بحرین کیلئے بک کرائے گئے پارسل سے ہیروئن برآمد کی گئی۔ مرتضیٰ چورنگی اور سہراب گوٹھ میں بھی کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرکے چرس برآمد کرلی گئی۔۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے کراچی کے مختلف کوریئرکمپنیز کے دفاتر پر کارروائیاں کی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق برطانیہ کیلئے بک کروائے گئے2 پارسل سے1400گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔۔منشیات گتے کے ڈبوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

دوسری کارروائی میں بحرین کیلئے بک کروائے گئے پارسل سے970گرام آئس برآمد ہوئی۔۔پارسل میں موجود آئس کو خواتین کے جوتوں میں چھپایا گیا تھا۔۔جبکہ مرتضیٰ چورنگی پر ملزمان بلال اورعزیز کے قبضے سے72کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

سہراب گوٹھ میں بھی کارروائی کے دوران ملزم ضیا سے 3 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، گرفتارملزم ضیا بین الصوبائی گروہ کا کارندہ ہے۔۔ منشیات سملنگ کے حوالے سے مقدمات درج،مزید تفتیش کی جاری ہے۔