کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اورنگی ٹاون نالے پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے، نالے پر بنی کمرشل بلڈنگ کو مسمار کر دیاگیا۔ محکمہ انسداد تجاوزات کے سربراہ بشیرصدیقی کہتے ہیں گجرنالے کے تین مقامات پر بارہ سو سے زائد گھروں کو مسمار کیا گیا۔
اورنگی ٹاون نالے پر تجاوزات کیخلاف تین مقامات پر آپریشن کیاجارہا ہے۔ خیبر چوک بنارس کالونی اور چمن سینما سمیت مقامات پر آپریشن جاری ہے۔ علاقہ پولیس، انٹی انکروچمنٹ پولیس آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ کڈنی ہل پارک کی خالی زمین پر بنایا گیا غیرقانونی کمرہ بھی مسمار کیا گیا۔ زینب مارکیٹ کے اطراف دکانوں کے سامنے رکھا گیا مختلف قسم کا سامان ضبط کیا گیا۔
محکمہ انسداد تجاوزات کے سربراہ بشیر صدیقی نے کہا کہ شہر کے دو اضلاع کے دو نالوں پرتجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ گجر نالے کے تین مقامات پر بارہ سو سے زائد گھر مسمار کیےگئے۔ لنڈی کوتل اور شفیق موڑ پر پکی تعمیر مسمار کی جارہی ہیں۔ اورنگی نالے پر بھی تین مقامات پر آپریشن جاری ہے۔