اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے متاثر صوبہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ان تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولا جائے گا یا نہیں، یہ اہم فیصلہ 24 مارچ کو ہوگا۔
اس اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے جار بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سنگین ہے۔ تمام تعلیم اور صحت کے وزرا بروز بدھ مورخہ 24 مارچ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ملاقات کریں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے یا مزید بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں لیا جائے گا۔
The third coronavirus wave is serious; requires careful review. All education/health ministers will meet Wednesday March 24 at the NCOC to take a decision regarding opening or further closure of educational institutions. Health of students, teachers/staff primary consideration
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) March 21, 2021
خیال رہے کہ حکومت نے ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ایک مرتبہ پھر 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس بات کا اعلان وزیر تعلیم شفقت محمود اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں کورونا کے حالات ابھی تک نارمل ہیں، اس لیے وہاں 50 فیصد بچے پہلے کی طرح تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کریں گے۔ تاہم صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مخصوص شہروں میں چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث جن شہروں میں ان دنوں چھٹیاں ہیں ان میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، راولپنڈی، سیالکوٹ، اسلام آباد اور ملتان شامل ہیں۔