لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان فلاحی ریاست بنے گا، نیا پاکستان ہاؤسنگ میں بلا تفریق ہر ایک کو اپنا گھر ملے گا، پاکستان میں پہلے کم آمدن والوں کے گھروں کیلئے کسی نے نہیں سوچا۔
گورنر پنجاب سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عوام سے کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کر نے والے خود کورونا کو ویلکم کر رہے ہیں، ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات نہ کر نا اپنی جان سے دشمنی ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ کورونا کا شکار ہونا ہے یا اس سے بچنا ہے فیصلہ ہر فرد کے ہاتھ میں ہے، کورونا گلی محلوں میں پھیل رہا ہے، بچاؤ صرف احتیاط سے ممکن ہے، بدقسمتی سے ایس او پیز میں لاپروائی سے کورونا پھر بے قابو ہو رہا ہے، آج کورونا کا چیلنج صرف پاکستان نہیں پوری دنیا میں ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ میں مکمل شفافیات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، کورونا سے بچاؤ کے لیے ہر پاکستانی کو ایس اوپیز پر عمل کرنا ہوگا۔