پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خبر، آئی ایم ایف نے 50 کروڑ ڈالر جاری کردیئے

Published On 30 March,2021 11:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کیلئے 50 کروڑ ڈالر جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے یہ خطیر رقم پاکستان کو قرض پروگرام کی تیسری قسط کے لیے ملی ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام لیا ہوا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے اب تک 1.95 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی طرف سے 498.7 ملین ڈالر کی تیسری قسط مل گئی ہے۔

آئی ایم ایف: آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری

خیال رہے کہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا 25 مارچ کو ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دیدی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بجلی کے ریٹ بڑھانے کا مکمل پلان اور سبسڈی کم کرنے کا مکمل روڈ میپ بھی آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے مکمل حکمت عملی بھی آئی ایم ایف کے حوالے کی گئی ہے۔

 

Advertisement