حیدر آباد: (دنیا نیوز) حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل گئی، سندھ حکومت نے عوامی فلاح کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج مسئلے کا حل ہے نہ کوئی اور، تبدیلی عوام کی طرف سے آتی ہے، پیپلزپارٹی نے اٹھارویں ترمیم کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا، سندھ میں پروفیشنل افسران کو بھیجا جائے گا، سندھ میں تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا سندھ میں یہ لوگ کام کرنا نہیں چاہتے، نہ کرنے دیتے ہیں، دیگر صوبوں کی طرح یہاں ہیلتھ کارڈ دینا چاہتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ یہ فنڈز لیکر خود ہڑپ کرنا چاہتے ہیں، دوائیوں کا، صاف پانی کا، سب کا پیسہ حکومت کھا گئی، پولیس افسر سے ساڑھے چار ارب کی منشیات برآمد ہوئی، سندھ میں نظام تباہ ہوچکا ہے، سپریم کورٹ کے نام پر لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے، پورے سندھ میں نکلا ہوں، میرا ذاتی جھگڑا کسی سے نہیں، سندھ کے غریب عوام کی جنگ لڑتا ہوں، زرداری کے حلقے میں سانپ سے کاٹے کی ویکسین نہیں ملتی۔