اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ کرائے کے وزیراعظم کو مالک کی کرپشن کے دفاع کا ٹاسک ملا ہے، ملک کو ناکامی کے دلدل میں پھینکنے والے معیشت پر بھاشن دے رہے ہیں۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیب اور ملک دونوں رہیں گے، آپ جیسے کرپٹ نہیں رہ پائیں گے، گزشتہ حساب بھی ہوگا کڑا احتساب بھی ہوگا، لوٹ کھسوٹ کا بازار بند ہوگا، کِرائے کے وزیراعظم اب بھارت سے خفیہ کاروبار نہیں کر پائیں گے۔
شہباز گِل کا کہنا تھا کہ کل تک ایک دوسرے سے بغل گیر ہوتے کرپٹ خاندانوں نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے، ان کے کے نزدیک ہر وہ اقدام جو میاں مفرور کی کرپشن پکڑنے کیلئے کیا جائے ملکی مفاد میں نہیں، مصنوعی طور پر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت برقرار رکھنے والے معیشت دان بنے ہوئے ہیں۔