اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی دفعہ تنخواہ دارطبقے کوگھربنانے کا موقع دیا جارہا ہے۔ جولوگ گھرکا کرایہ دیتے ہیں اسی کرائے کواپنے گھرکی قسط دے سکتے ہیں۔
خصوصی میراتھون ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پہلی دفعہ شروع کیا گیا اور اس سے جڑی مشکلات کا بھی احساس ہے۔
انہوں نے گورنراسٹیٹ بینک اور سربراہ نیشنل بینک کوہدایت دی اور کہا بینک لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
وزیر آعظم نے کہا انہوں نے سنا کہ لوگوں کومشکلات آرہی ہیں اور کہا کنسٹرکشن انڈسٹری کے ساتھ 30 انڈسٹریاں جڑی ہوئی ہے۔ کنسٹرکشن انڈسٹری سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم سے غریب کو اپنی چھت اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا اور ہمارے ملک پرقرضے چڑھے ہوئے ہیں، ملک کی دولت میں اضافہ ہوگا توقرضوں کوواپس کریں گے۔
عمران خان نے کہا گھروں کی تعمیرسے معیشت مستحکم ہوگی۔ کوشش ہے کہ بیواؤں، اسپیشل پرسن کوترجیح دی جائے۔ تمام بینک قرضوں کے حوالے سے آسانیاں پیدا کریں۔
انکا مزید کہنا تھا ہم مسلسل مارگیج کے حوالے سے رکاوٹیں دورکررہے ہیں۔ پوری دنیا میں لوگ بینکوں سے پیسے لیکر گھر بناتے ہیں۔