وزیراعظم عمران خان نے محدود سرکاری سرگرمیاں شروع کر دیں، شرکاء کو ہدایات

Published On 25 March,2021 03:22 pm

اسلام آباد: (دنیان یوز) وزیراعظم نے محدود سرکاری سرگرمیاں شروع کر دیں۔ عمران خان نے اہم حکومتی امور پر اجلاس کے شرکاء کو ہدایات دیں۔

وزیراعظم کورونا آئسولیشن کے دوران اپنی رہائشگاہ پر موجود ہیں۔ عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور افسران نے ملاقات کی، شبلی فراز، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور یوسف بیگ مرزا ملاقات میں شریک تھے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، وہ اپنے گھر سے ہی سرکاری امور سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کچھ روز قبل معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہ عمران خان اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے عوام کی دعاؤں سے وزیراعظم صحت مند ہیں، آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔

وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ میں تازہ تصویر سامنے آگئی

یاد رہے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا، اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔
 

Advertisement