لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ کبریٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کن وجوہات کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان اور حمزہ علی عباسی کو ٹوئٹر پر ان فالو کیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی مصروفیات، اداکاری اور عام زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے خوبرو اداکارہ کا کہنا تھا کہ انسٹا گرام پر 18 لاکھ زیادہ نہیں ہیں لیکن یہ مخلص لوگ ہیں، میں نے انہیں خریدا ہے نہ ہی کسی سے تعلقات رکھ کر انہیں بڑھایا ہے۔
کبریٰ خان نے بتایا کہ برطانیہ میں پیدائش اور لندن میں تعلیم حاصل کرنے کی وجہ سے شروع میں اردو بولنے میں مشکل پیش آئی اور اب بھی ان کی اردو مکمل طرح ٹھیک نہیں۔
اقربا پروری پر بات کرتے ہوئے کبریٰ خان نے بتایا کہ جب سے دنیا شروع ہوئی ہے اور جب سے انڈسٹریز کی ایجاد ہوئی ہے، تب سے اقربا پروری چلتی آ رہی ہے اور اس پر بحث کرنا فضول ہے۔ شوبز انڈسٹری میں ایسے کئی اداکار ہیں جن کا تعلق شوبز خاندان سے نہیں ہے اور بہت سارے شوبز خاندان کے اداکار اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
کبریٰ خان کے مطابق عمران خان اور حمزہ علی عباسی بہت زیادہ سیاسی بن گئے تھے اور ان کے اکاؤنٹس پر صرف سیاسی باتیں ہونے لگی تھیں، جس وجہ سے انہوں نے انہیں ان فالو کردیا۔ حمزہ عباسی بھی عمران خان کے نقش قدم پر چلنے لگے تھے اور ان کی ٹوئٹس زیادہ تر سیاسی ہوتی تھیں۔