اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں بیماری سے جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ میں پاکستان اور بیرون ملک رہنے والے تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کووڈ 19 میں مبتلا ہونے کے بعد میری اور خاتون اول کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے میری اور خاتونِ اول کی کوروناء (COVID-19) سے جلد شفایابی کیلئے دستِ دعا بلند کرنے اور ہمارے لئے نیک خواہشات کا تحفہ بجھوانے والوں کا میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کی ایک حالیہ تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے اپنے گھر کے لان کا نظارہ کر رہے ہیں۔ اس تصویر میں وزیراعظم سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہیں اور صحتمند نظر آ رہے ہیں۔
عوام کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ میں دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کے اظہار پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا وبائی مرض کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا تھا، اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے وبائی مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پوری قوم تشویش میں مبتلا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہے۔ قوم کی اسی پریشانی کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم کی جانب سے حالیہ تصویر شیئر کی گئی جس میں انہوں ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
I want to thank everyone in Pakistan & abroad for their good wishes and prayers for the quick recovery of the first lady and I from Covid 19.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 21, 2021
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر غیر ملکی رہنماؤں نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی طبیعت بہتر اور وہ ہشاش بشاش ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر اور وہ ہشاش بشاش ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی صحت اچھی ہے اور انہيں کورونا کی معمولی نوعیت کی علامات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو فوری علاج کی ضرورت نہیں، وزیراعظم سے رابطے میں رہنے والے افراد سے رابطہ کررہے ہیں تاہم ان سے رابطے میں رہنے والوں سے قرنطینہ کرنے کی درخواست ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے 18 مارچ کوکورونا ویکسین لگوائی تھی، وزیر اعظم میں کورونا کی علامات ویکسین لگانے سے دو تین روز پہلے سے تھیں، ایسا لگتا ہے ویکسین لگنے سے پہلے ہی وزیراعظم کے جسم میں کورونا موجود تھا۔ کوئی بھی ویکسین فوری اثر نہیں دکھاتی، قوت مدافعت دو سے تین ہفتوں میں بنتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی علامات معمولی، وزیراعظم اورخاتون اول کی طبیعت بہتر ہے: شہباز گل
دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم اورخاتون اول کی طبیعت بہتر ہے۔ کورونا کی علامات معمولی، عمران خان نے معمول کے مطابق ویڈیو کانفرنس پر دفتری کام سر انجام دیئے۔
معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سب کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے مشکور ہیں۔ عمران خان اور اور خاتون اول کو کورونا کی معمولی علامات ہیں، وزیر اعظم آج بھی اپنا دفتری کام معمول کے مطابق وڈیو کانفرنس پر سرانجام دے رہے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری برادران نے بھی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، ہماری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔