وزیر خارجہ نے تاجکستان کو گوادر بندرگاہ سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیدی

Published On 31 March,2021 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کو گوادر بندرگاہ سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے کیونکہ گوادر پورٹ جنوب مشرقی ایشیا ،مشرق وسطیٰ اور افریقہ کیلئے مختصر ترین تجارتی راستہ ہے۔

دوشنبے میں اپنے ہم منصب سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کے دوران انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود بیش بہا امکانات سے مستفید ہوا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گوادر سمیت پاکستان کی دیگر بندرگاہیں دوطرفہ تجارت کے فروغ میں مدد کر سکتی ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بعد میں تاجک وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ملیں اور تعاون کے مواقع تلاش کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا پاکستان تاجکستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرے گا۔

دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فوجی صلاحیتوں میں مزید بہتری کیلئے تاجکستان کی معاونت کرنے کو تیار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے CASA1000منصوبے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منصوبے کی بروقت تکمیل کا خواہشمند ہے کیونکہ اس منصوبے سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔
 

Advertisement