علمائے کرام کی سعد رضوی سے ملاقات، احتجاج ختم کرنے کی درخواست

Published On 19 April,2021 08:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ کی قیادت میں علمائے کرام کے وفد نے کالعدم جماعت تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی سے ملاقات کرکے انھیں احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعد رضوی سے ملاقات کرنے والے علمائے کرام کا کہنا تھا کہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ملک کا نقصان ہوا، آپ سے درخواست ہے کہ امن وامان کی فضا قائم رکھی جائے۔

علمائے کرام نے سعد رضوی سے درخواست کی کہ وہ مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کا کہیں اور اس سلسلے میں ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے مذاکرات جاری، تیسرا راؤنڈ رات کو ہوگا

دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ رات کو دس بجے ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیسرے راؤنڈ میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر نور الحق قادری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پوری قوم نبی پاک ﷺ سے والہانہ عشق رکھتی ہے، حکومت ساری قوم اور پارلیمنٹ کی خواہشات کے مطابق اس معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے اس ایوان اور پوری قوم کے احساسات اور جذبات یکساں ہیں۔ اس میں کوئی داڑھی والا ہو یا کوئی اور سب کے جذبات اور رسول کریم ﷺ سے والہانہ عشق یکساں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا اس پر اپوزیشن اور حکومت دونوں کو دکھ ہے۔ کوئی بھی سیاسی اور جمہوری حکومت اس طرح کی صورتحال نہیں چاہتی۔ جب یہ واقعات رونما ہوتے ہیں تو سانحات ہوتے ہیں۔ ہم نے منت سماجت اور بات چیت کے ذریعے یہ معاملہ بہتری سے سلجھانے کی کوشش کی۔ ہم نے مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا اور کہا کہ ہم اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے کے پابند ہیں۔ سپیکر کمیٹی قائم کریں گے جس کے سامنے آپ ڈرافٹ پیش کریں گے اور دفتر خارجہ اپنا موقف پیش کرے گا۔
 

Advertisement