ہم بلوچستان کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، چینی سفیر نونگ رونگ

Published On 21 April,2021 08:16 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات دیرینہ دوست چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، یہاں کے لوگوں کو وکیشنل اور دیگر ٹریننگ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

چینی سفیر نے یہ بات کوئٹہ میں سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو مائل کرینگے کہ وہ گوادر اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں۔ چینی کمپنیوں کو ایک اچھا پیغام دینگے کہ یہ دونوں جگہیں سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بلوچستان سے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لئے چین اپنا بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔

سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ پاک چین دوستی کئی ملکوں کو کھٹکتی ہے، اسے سبوتاژ کرنے کے لئے کئی ممالک بلوچستان کے لوگوں کو ورغلا رہے ہیں۔ گوادر پراجیکٹ کی کامیابی، بلوچستان کے لوگوں کو مضبوط کرنے میں سے ہوگی

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے، یہاں کہ نوجوانوں کو وکیشنل اور دیگر ٹرینگ کی زیادہ ضرورت ہے۔ چین بلوچستان کے طلبہ وطالبات کے لئے سکالرشپس کو بڑھائے۔ بلوچستان کی لیڈرشپ چین اور چینی لوگوں کے ساتھ ہے۔

 

Advertisement