اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے اقتصادی راہداری منصوبوں سے منسلک فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ کیا۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو ترقیاتی کاموں اور میگا پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ عاصم سلیم باجوہ نے چھ سو میگا واٹ بجلی کے منصوبے اور ترسیلی نظام سے متعلق فیڈمک کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اکنامک زون میں صنعتی شعبے کے مثبت رجحان اور تیز ترین ترقیاتی کاموں کو سراہا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی، فیڈمک کے زیر انتظام سپیشل اکنامک زونز کے ترقیاتی کاموں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔