کورونا کے بڑھتے کیسز: پاکستان نے بھارت کو باضابطہ مدد کی پیشکش کر دی

Published On 24 April,2021 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد پاکستان نے ہمسایہ ملک کو مدد کی باضابطہ پیشکش کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر ہمسایہ ملک کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء دینے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم سب پہلے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھاکہ پاکستان نے خیرسگالی کی بنیاد پربھارت کومدد کی پیش کش کی ہے۔ وہاں سے بڑی تشویش ناک خبریں سامنے آرہی تھیں، وزیراعظم کی اجازت کے بعد بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمدد کی پیشکش کی گئی۔

شاہ محمود کا کہنا تھاکہ دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بلایا گیا، بھارتی ہائی کمشنرکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی گئی اور ان کو کہا کہ اپنی حکومت سے پوچھ کرہماری پیشکش پرجواب دیں۔

ان کا کہنا تھاکہ وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین اور ماسک سمیت جوہوپایا وہ بھارت کوفراہم کریں گے، اگربھارت کامثبت جواب آیا توبراستہ واہگہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ 

اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کورونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے، پاکستان اس وباء سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کے لئے کام کرتا رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام کورونا وبا کی خطرناک لہر سے لڑ رہے ہیں، بھارت اور دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، اس عالمی وبا سے نمٹنے کیلیے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں بھارت کے شہریوں کے ساتھ ہیں، خدا ہم سب پر اپنا کرم اور رحم کرے اور یہ مشکل وقت جلد ختم ہو۔

واضح رہےکہ پاکستان کے سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ   بھارت میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی۔ مسلسل تیسرے روز بھی تین لاکھ سے زائد مریض سامنے آگئے۔ ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہونے سے ہلاکتیں بڑھنے لگیں، مزید 2 ہزار 621 لوگ ہلاک ہوگئے۔


بھارت میں کورونا وبا بے قابو، تین روز میں کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دلی کورونا کا گڑھ بن گیا، روزانہ سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے لگے۔ ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث مریض گھروں میں ہی سسک سسک کر دم توڑنے لگے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا بے قابو: مسلسل تیسرے روز بھی 3 لاکھ سے زائد مریض سامنے آگئے

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مودی سرکار ہلاکتوں کی تعداد چھپانے لگی، بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد اس سے کئی زیادہ ہوسکتی ہے۔ کورونا سے شدید متاثر علاقوں میں مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے کیلئے دوسری ٹرین لکھنو پہنچ گئی۔

مہارشٹرا میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ویک اینڈ کرفیو بھی نافذ ہے، دیگر کئی متعدد ریاستوں میں صورت حال انتہائی نازک ہو چکی ہے۔ مودی سرکار کا صحت کا نظام بری طرح ناکام نظر آرہا ہے۔ ہسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ مہلک وائرس سے مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔

Advertisement