ریاست مخالف بیانات کا مقدمہ: جاوید لطیف 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Published On 28 April,2021 03:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ماڈل ٹاون کچہری کی عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صابر حسین ڈاہر نے کیس کی سماعت کی۔ ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو پولیس نے عدالت پیش کیا۔ جاوید لطیف کے وکیل فرہاد علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی انتقام کے لیے گرفتار کیا۔ مدعی کے وکیل ملک محمد سلیم نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ ایف آئی آر بالکل آئینی اور قانونی ہے۔

عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم کی پیشی کے وقت لیگی کارکنوں نے ملزم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی کی۔ لیگی رہنما نے کمرہ عدالت میں پولیس کے غیر مناسب رویے کی شکایت کر دی۔
 

Advertisement