اسلام آباد: (دنیا نہوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچائو کی ویکسین لگوانے سے شوگر کے مریضوں کے لئے کسی قسم کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔
جمعرات کو اپنے وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں تمام تر تحقیق اور ریسرچ موجود ہے، جس میں شوگر کے مریضوں کے لئے اس کا کوئی اثر نہیں کہ ویکسین لگوانے کے بعد شوگر کم ہو گی یا زیادہ ہوگی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے ذیابطیس کے مریضوں کو احتیاط صرف یہ کرنا ہوگی کہ جو ادویات شوگر کنٹرول کرنے کے لئے استعمال کی جا رہی ہیں، وہ استعمال کرتے رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چالیس سے49 سال عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل پیر سے شروع ہوگا
دوسری جانب نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چالیس سے اُنچاس سال کی عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل پیر سے شروع ہوگا۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر کی صدارت میں ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں کیا گیا۔
عالمی سطح پر وائرس پھیلنے کے پیش نظر فورم نے پاکستان آنے والی مسافر پروازوں کی تعداد اگلے ماہ کی پانچ سے بیس تاریخ تک کم کرنے کا فیصلہ کیا۔
این سی او سی کے مطابق اگلے ماہ کی اٹھارہ تاریخ کو ان پابندیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی تفصیلی ہدایات جاری کرے گی۔ اجلاس میں آکسیجن کی پیداوار اور رسد کا بھی جائزہ لیا گیا۔