طالبان کی افغانستان میں عید الفطر پر فائر بندی، پاکستان کا خیر مقدم

Published On 10 May,2021 05:15 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے احترام میں تین روزہ فائر بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی لانے کا باعث بن سکتی ہوں اور افغانستان میں پائیدار استحکام اور دیرپا امن کے حصول میں معاون ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے عید پر 3 روز ہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا، مسلح افراد کو حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان طالبان محمد نعیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید کے دنوں میں حکومتی فورسز پر حملے نہیں کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ تہوار کو پُر امن اور محفوظ ماحول میں منانے کے لیے تمام مسلح افراد کو حملے روکنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

سربراہ افغان مفاہمتی کونسل عبداللہ عبداللہ نے سیز فائر کا خیر مقدم کیا، انھوں نے کہا حکومت بھی جنگ بندی کا جلد باقاعدہ اعلان کرے گی۔

دوسری طرف پاکستان نے افغانستان کے علاقے زابل اور پروان میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور زخمیوں کا نقصان ہوا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے عفریت کے خلاف اس جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
 

Advertisement