سابق طالبان امیر ملا محمد عمر کی زمین میں چھپائی گئی گاڑی نکال لی گئی

Published On 05 July,2022 08:40 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے بانی ملا محمد عمر کی زیر استعمال گاڑی جسے چھپانے کے غرض سے مٹی میں دبادیا گیا تھا اسے نکال لیا گیا ہے۔

واضح رہے جولائی 2015 میں افغان طالبان کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ ملا عمر دو سال پہلے افغانستان میں طبعی موت مرچکے ہیں اور ان کی جگہ ملا اختر منصور کو افغان طالبان کا نیا سربراہ بنادیا گیا ہے۔

تاہم ملا اختر منصور مئی 2016 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے اور ان کی جگہ طالبان کے موجودہ امیر ہبت اللہ اخندزادہ کو افغان طالبان کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔

افغانستان میں طالبان حکومت سے منسلک ایک عہدیدار محمد جلال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 4 تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ یہ گاڑی ان کے بانی رہنما ملا عمر کے زیر استعمال رہی ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ٹویوٹا ویگن جو امارات اسلامیہ افغانستان کے بانی مرحوم ملا محمد مجاہد کی تھی اسے (زمین) کھود کر نکال لیا گیا ہے اور اسے صاف کیا جائے گا۔ یہ ٹویوٹا ویگن مرحوم امیر امریکی حملے کی شروعات کے دوران قندہار سے زابل کے سفر کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔

Advertisement