کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خدشہ ہے عمران خان کا اقتدار مدت پوری کرگیا تو ملک دیوالیہ نہ ہوجائے، کورونا وائرس سے پہلے ہی عمران خان ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئندہ آنے والی حکومتیں دہائیوں تک ان زخموں کا ہرجانہ بھرتی رہیں گی، ایسا حکمران کیسے ملک چلاسکتا ہے کہ جس کی باتوں کو کوئی سنجیدہ لینے تک کو تیار نہیں، عمران خان کا ملک کو خیراتی ادارے کی طرز پر چلانے کا تجربہ ناکام ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قیام پاکستان سے اتنی تباہی نہیں ہوئی جو عمران خان نے اکیلے پھیلائی، عمران خان اور ان کے حواری پرویز مشرف کی طرح لوٹ مار کے بعد لندن بھاگ جائیں گے، ان کا سب سے بڑا جرم ملک کے نوجوانوں کی امیدوں کا قتل ہے، عمران خان کو معاشی بحران ورثے میں نہیں ملا بلکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک میں معاشی بحران پیدا کیا۔