چارسدہ: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے، مسلسل جیلیں کاٹ رہے ہیں، کیا یہ ڈیل ہے ؟ عمران خان کے حکم پر جیل میں ناروا سلوک کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، مہنگائی سے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی، حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیا، ویکسین اور مہنگائی کا نام لیں تو چور ڈاکو کہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ سکینڈل کے کردار سامنے آچکے، عمران خان نے خود رنگ روڈ منصوبے میں توسیع کی اجازت دی، پہلے توسیع کی منظوری دی اور بعد میں شور مچایا، ن لیگ نے رنگ روڈ سکینڈل پر واضح مؤقف اپنایا۔
لیگی قائد نے ولی باغ میں بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ بیگم نسیم ولی خان نے پاکستان بھر میں سیاسی جدوجہد کی، بیگم نسیم ولی خان بہادر خاتون تھیں، اے این پی کی دہشتگردی کیخلاف قربانیاں لازوال ہیں، خیبرپختونخوا کے ہر فرد نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔