فائزر ویکسین حج پر جانے والوں اور ورک ویزہ ہولڈرز کو لگے گی: اسد عمر

Published On 03 June,2021 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ فائزر ویکسین کی محدود تعداد ہے، حج پر جانے والوں اور ورک ویزہ ہولڈرز کو لگے گی، ویکسی نیشن کے بغیر بندشیں ختم کرنا ممکن نہیں، سینٹرز کی تعداد 4 ہزار تک لے جانے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پسندیدہ ویکسین لگوانے کا کہنے والے ممالک کو فیصلوں پر غور کرنا چاہیے، چین اس وقت سب سے زیادہ کورونا ویکسین برآمد کر رہا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا، حکومت بندشیں ختم کرنا چاہتی ہے، ویکسی نیشن میں مزید تیزی لانا ہوگی، اسلام آباد کے شہری کورنا ویکسین لینے میں سب سے آگے ہیں، ملک میں کورونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا، پاکستان میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد 1700 تک پہنچ چکی ہے، لوگوں کو ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ویکسین لگوانی چاہیئے۔
 

Advertisement