اسحاق ڈار کی معاشی غلطیاں عمران خان کوبھگتنا پڑیں، وزیرخزانہ شوکت ترین

Published On 03 June,2021 06:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سابق دور میں قرضے لے کر معیشت بہتر دکھائی گئی۔ اسحاق ڈار جو کچھ کر گئے اسے موجودہ حکومت نے بھگتا۔ اسحاق ڈار کی معاشی غلطیاں وزیراعظم عمران خان کو بھگتنا پڑیں۔

اسلام آباد میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق حکومت تباہی کے دہانے معیشت چھوڑ کر گئی۔ ن لیگ کے فیصلوں سے معیشت کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ سابق حکومت نے پاور منصوبوں میں پلاننگ نہیں کی تھی۔

شوکت ترین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی نااہلی کے باعث گروتھ کم ہوئی، حالانکہ ان کے دور میں گروتھ میں اضافہ قرض لینے سے ہوا جبکہ روپے کی قدر کو مصنوعی طریقہ سے روکنے سے تاریخی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہوا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا۔ اسحاق ڈار نے معیشت کے ساتھ جو کیا، وہ سب نے دیکھا۔ عمران خان کی حکومت نے گزشتہ حکومت کا خسارہ سنبھالا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث بھی ملکی معیشت کو دھچکا لگا لیکن اس کے باوجود موجودہ حکومت اقتصادی شرح نمو 4 فیصد تک لے آئی۔
 

Advertisement