لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود متحد نہیں، ان کے درمیان انتشار ہے، لگتا ہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی طلاق ہوگئی ہے، اپوزیشن تنکوں کی طرح بکھری ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس گرداب میں پھنسا تھا اس سے باہر آگیا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کے باعث پاکستان گرداب میں پھنسا تھا، رواں سال کا بجٹ ہماری کارکردگی کا عکاس ہوگا، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے حوالے کر دی تھی، بلاول بھٹو نے بھی اپنی پارٹی ن لیگ کے حوالے کر دی تھی، چاہتے تھے پی ڈی ایم کی شادی چلتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن فیصلہ کرے کہ ان کی پالیسی کیا ہے ؟ مولانا صاحب نکاح وغیرہ پڑھا کریں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کا دھڑہ پی ٹی آئی کیساتھ ہے، لوگ جہانگیر ترین کے کھانوں پر ذاتی تعلقات کی وجہ سے جاتے ہیں، جہانگیر ترین سمیت تمام ارکان عمران خان کے وژن پر یقین رکھتے ہیں۔