خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد کورونا کے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں عالمی وبا کی صورتحال میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں بتایا گیا کہ 20 لاکھ ٹیچرز میں سے چار لاکھ 50 ہزار کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ دیگر وزارتوں کو بھی اسی طرز پر اپنے ملازمین کو ویکیسن لگوانے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ائیرپورٹس پر یومیہ 27 فلائٹس پر اوسطاً 4500 مسافر یومیہ پاکستان پہنچ رہے ہیں، ایئرپورٹس پر جامع نظام کی وجہ سے 388 کورونا مریضوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملی۔ ائیرپورٹس پر ٹریکنگ کے علاوہ قرنطینہ کا بھی موثر نظام چل رہا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں افغانستان سے 22924 مسافر پیدل داخل ہوئے، ان میں سے 28 کورونا مثبت ہونے پر قرنطینہ میں بھیجے گئے۔
این سی او سی اجلاس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 600 سے زائد نادرا سینٹرز 5 جولائی سے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کا اجرا شروع کریں گے جبکہ آئندہ ہفتے سے 5000 سے زائد ای سہولت برانچز پر بھی اسی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بتایا گیا کہ تیسری لہر کے لاک ڈاؤن کے بعد سیاحتی سیکٹر کو کھولنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیف ٹوارزم ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔