کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے 15 جون سے چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ سعید غنی نے کہا کہ کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولی جائیں گی۔
وزیر تعلیم سندھ سعیدغنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے عملے کو ویکسینیٹ کیا جائے گا، کورونا کیسز میں مزید بہتری پر پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع ہوں گی۔
ادھر کراچی میں کاروبار ہفتے میں دو روز کے بجائے ایک روز بند رہے گا۔ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اتوار کے دن کاروبار بند ہوگا، باقی 6 روز کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی، ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے کورونا ویکسین لازمی قرار دی جائے۔
مراد علی شاہ نے ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی پولیس اور محکمہ داخلہ کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورونا کے خلاف جاری کام میں کوئی کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 723 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 42 ہزار 189 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 44 ہزار 65، سندھ میں 3 لاکھ 28 ہزار 184، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 36 ہزار 74، بلوچستان میں 26 ہزار 232، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 712، اسلام آباد میں 19 ہزار 783 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 783 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 38 لاکھ 57 ہزار 250 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 214 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 78 ہزار 740 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 676 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 723 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 516، سندھ میں 5 ہزار 243، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 224، اسلام آباد میں 772، بلوچستان میں 294، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 566 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔